بھٹکل 23 نومبر (ایس او نیوز) مینگلور سے سعودی عربیہ کے شہردمام جانے والی ائیر انڈیا ایکسپریس میں اُڑان بھرتے ہی ٹیکنکل پرابلم پیش آنے کی وجہ سے فلائٹ کو ایمرجنسی طور پر کوچین ائرپورٹ میں اُتارے جانے کی خبر موصول ہوئی ہے۔
شیرور کے عبدالودود اور مرڈیشور کے محمد غوث طاہرہ نے فون پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فلائٹ مینگلور ائرپورٹ سے شام 6: 10 کو اُڑان بھری تھی، مگر اُڑان بھرنے کے پندرہ منٹ میں ہی پائلٹ نے اعلان کیا کہ فلائٹ میں ٹیکنکل پرابلم ہے، لہٰذا فلائٹ کو کوچین کی طرف موڑا گیا ہے۔رات قریب نو بجے فون پر گفتگو کرتے ہوئے محمد غوث نے بتایا کہ فلائٹ کوچین میں اُتر کر قریب دو گھنٹے ہوچکے ہیں مگر نہ اُنہیں کوچین ائرپورٹ جانے دیا جارہا ہے اور نہ ہی فلائٹ سے نیچے اُتارا جارہا ہے۔ مسافروں نے جب زیادہ شور مچایا تو مسافروں کو کھانے کا بندوبست کیا گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ کوچین میں ٹیکنیکل ماہرین موجود ہونے کی وجہ سے فلائٹ کو کوچین ائرپورٹ موڑا گیا تھا۔
عبدالودود نے بتایا کہ یہ فلائٹ سعودی وقت کے مطابق شام 8:45 بجے دمام ائرپورٹ اُترنے والی تھی، مگر اب ٹیکنیکل پرابلم ہونے کی وجہ سے کب کوچین سے اُڑان بھرے گی، اس تعلق سے فلائٹ کے ذمہ داران کی جانب سے کوئی اطلاع نہیں دی گئی ہے۔فلائٹ میں بھٹکل اور مرڈیشور کے پانچ چھ مسافر سوار ہیں، شیرور اور گنگولی کے بھی کچھ مسافر سوار ہیں، جبکہ دیگر مسافروں کا تعلق زیادہ تر مینگلور سے ہے۔
ساحل آن لائن سے رات دیر گئے گفتگو کرتے ہوئے ائیر انڈیا اسٹیشن مینجر ناگیش ایس شٹی نے بتایا کہ ٹیکنیکل خرابی ہونے کی وجہ سے فلائٹ کو کوچین ائرپورٹ پر اُتارا گیا تھا، مگر فلائٹ اب درستگی کے بعد رات 10:10 بجے دمام کے لئے اُڑان بھر چکی ہے، یہ فلائٹ اب دمام میں سعودی وقت کے مطابق رات 11:40 کو پہنچیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس فلائٹ میں جملہ 140 مسافر سوار ہیں۔